ممبئی( شوبز ڈیسک) معروف بھارتی گلوکار پالاش سین نے کہا ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی منفرد آواز اور انداز گائیکی نے بھارت میں مرد گلوکاروں کی ایک پوری نسل کو متاثر کیا ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں ساٹھ سالہ گلوکار پالاش سین کا کہنا تھا کہ عاطف اسلم کے بعد آنے والے متعدد گلوکاروں نے ان کے انداز کو اپنانے کی کوشش کی۔ اگر غور سے دیکھا جائے تو تقریباً ہر گلوکار نے کسی نہ کسی مرحلے پر عاطف اسلم کے انداز میں گانے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ ارجیت سنگھ بھی ایک زمانے میں عاطف اسلم کے انداز میں گانے کی کوشش کرتے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے اپنا الگ اور منفرد انداز اختیار کر لیا۔ ان کے مطابق موسیقی کی دنیا میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی طاقتور اور منفرد آواز سامنے آتی ہے تو وہ مقبول گائیکی کے انداز کو بدل دیتی ہے۔پالاش سین نے مزید کہا کہ ماضی میں کمار سانو اور ابھجیت جیسے گلوکاروں پر محمد رفیع اور کشور کمار جیسے نامور گلوکاروں کا اثر نمایاں تھا۔ بااثر گلوکار ہمیشہ اپنی گائیکی سے گہرا اثر چھوڑتے ہیں اور بہت سے لوگ ان جیسا بننے کی کوشش کرتے ہیں۔یاد رہے کہ عاطف اسلم پاکستان سے ابھرنے والے کامیاب ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے بھارت سمیت پورے جنوبی ایشیا میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے دو ہزار کی دہائی کے آغاز میں اپنے بینڈ کے ساتھ گائے گئے گیت عادت سے شہرت حاصل کی۔بعد ازاں انہوں نے فلم عجب پریم کی غضب کہانی کے گیت تیرا ہونے لگا ہوں اور تو جانے نہ، فلم ریس کا گیت پہلی نظر میں، فلم رمیا وستاویا کا جینے لگا ہوں اور فلم ٹائیگر زندہ ہے کا دل دیاں گلاں گا کر بھی بے حد مقبولیت سمیٹی۔
عاطف اسلم کی منفرد آواز نے بھارتی گلوکاروں کی نئی نسل متاثر کردیا
3 گھنٹے قبل