جمعہ, مئی 23, 2025

بھارتی ڈرون حملوں کے بعد ہنگامی صورتحال: ملک بھر میں 450 پروازیں منسوخ

لاہور: ملک میں حالیہ بھارتی ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں غیر معمولی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث متعدد ایئرپورٹس پر فضائی آپریشنز شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کراچی، سیالکوٹ اور ملتان سمیت مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں پر اندرون و بیرون ملک جانے والی تقریباً 450 پروازیں یا تو منسوخ کر دی گئیں یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس اچانک پیدا ہونے والی بحرانی صورتِ حال کی سب سے بڑی وجہ فضائی حدود کی بار بار بندش ہے، جو سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو روزانہ 50 سے زائد پروازوں کی میزبانی کرتا ہے، وہاں 80 فیصد سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ اسی طرح حاجیوں کی پروازوں سمیت دبئی، دوحہ، شارجہ، کوالالمپور، مدینہ اور ریاض جانے والی اور وہاں سے آنے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی نے صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔ پی آئی اے سمیت دیگر ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو بھی اپنے شیڈول میں ردوبدل کرنا پڑا ہے۔

خاص طور پر حاجیوں کو بار بار فضائی حدود بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، جو بروقت اپنی پروازیں نہ پکڑنے کی وجہ سے پریشان اور بے یقینی کی کیفیت کا شکار ہیں۔

موجودہ صورتحال میں ایوی ایشن حکام فضائی سیکیورٹی کے پیش نظر حالات کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب