جمعہ, مئی 23, 2025

بھارتی فوج کی سول آبادی پر گولہ باری، 5 شہری شہید – پاک فوج نے جوابی کارروائی میں کئی بھارتی چوکیاں تباہ کردیں

اسلام آباد – لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے جمعے کے روز سول آبادیوں پر بلااشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 5 پاکستانی شہری شہید ہوگئے جبکہ 7 دیگر زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعات ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ کے علاقوں میں پیش آئے۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ جواب میں پاک فوج نے بھارتی فوج کی متعدد فوجی چوکیوں اور پوسٹوں کو نشانہ بنایا جن میں سے کئی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، جوابی کارروائی میں کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ اسی طرح حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ بھی تباہ کردی گئیں۔

فوجی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیوں سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ کیلر سیکٹر میں مہیری پوسٹ اور خالصہ ٹاپ جبکہ رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ بھی تباہ ہونے والی اہم فوجی تنصیبات میں شامل ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ “دشمن کی ہر جارحانہ حرکت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا جس سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ علاقے کے رہائشیوں نے بھارتی فوج کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی قوانین کے تحت سول آبادیوں کو نشانہ بنانا جنگی جرم تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر بھارت کی ایسی کارروائیوں کی نشاندہی کی ہے۔

اس واقعے کے بعد سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں ممالک کی فوجیں الرٹ حالت میں ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اس واقعے پر بھارت کو سفارتی سطح پر نوٹس بھیجے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب