ہفتہ, مئی 24, 2025

پاکستان کے لیے ADB کی 33 کروڑ ڈالر کی نئی مالی امداد کا اعلان

اسلام آباد:
ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ملک میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کو تقویت دینا اور پسماندہ طبقات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

ADB کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، یہ امدادی رقم بالخصوص اُن 93 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال کی جائے گی، جو غربت، غذائی قلت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امداد کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو مشروط نقد رقم دی جائے گی، تاکہ وہ تعلیم جاری رکھ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔

رپورٹ میں خاص طور پر آفت زدہ علاقوں کا ذکر کیا گیا ہے جہاں خواتین، نوجوان لڑکیاں اور بچے بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ امدادی پیکیج میں غذائیت کی بہتری، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور تعلیم کے فروغ جیسے عناصر شامل ہیں، جنہیں ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔

ADB نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور کرغزستان جیسے وسطی و مغربی ایشیائی ممالک کو اب بھی شدید سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے، جہاں غربت کی شرح بلند اور بنیادی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ایسے اقدامات کی حمایت کر رہا ہے جو سماجی فلاح و بہبود کو فروغ دیں اور معاشرتی ناہمواریوں کو کم کریں۔

یہ امداد پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو نہ صرف انسانی ترقی کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی بلکہ عالمی اداروں کے اعتماد کی بھی غماز ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب