ہفتہ, مئی 24, 2025

دینی مدارس کیلئے مالی سپورٹ میں بڑا اضافہ، گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کرنے کی منظوری

پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مدارس کی سالانہ گرانٹ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دینی مدارس کے لیے مختص گرانٹ کو 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین روپے کر دیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے میں دینی و عصری تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دینی مدارس میں زیر تعلیم طلبہ نہ صرف مذہبی تعلیم حاصل کر رہے ہیں بلکہ وہ ملک کے قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا انتہائی ضروری ہے، تاکہ طلبہ بدلتی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ہر شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ دینی مدارس اور اسکولز، دونوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، تاکہ تعلیمی نظام میں یکسانیت لائی جا سکے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان کے وژن اور موجودہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں دینی اور عصری تعلیم کے امتزاج کو فروغ دیا جا رہا ہے اور مدارس کی مالی معاونت بڑھانا اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب