بدھ, مئی 21, 2025

پاکستان کی امریکی منڈیوں میں دھوم — برآمدات میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد — پاکستان کی معیشت کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران امریکہ کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں 10.4 فیصد اضافہ ہوا، جو ملکی معیشت اور زرِمبادلہ کے ذخائر کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی امریکی منڈیوں کو برآمدات کی مالیت 9.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جس میں نمایاں حصہ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی جانب سے برآمدات بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات درست سمت میں جا رہے ہیں۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی پالیسی اصلاحات اور سہولت کاری کی بدولت برآمدات کے شعبے میں استحکام آیا ہے۔ حکومتی اصلاحات اور تجارتی پالیسی میں بہتری کے باعث امریکا سمیت دیگر بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی آسان اور پرکشش ہو رہی ہے، جس سے مقامی صنعتکاروں اور معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں 94 فیصد حصہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کا ہے، جو اس وقت پاکستان کی برآمدی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اس اضافے سے ملکی زرِمبادلہ ذخائر میں استحکام آئے گا اور اقتصادی بحران کے اثرات کم ہوں گے۔

حکام کا ماننا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تحت کاروباری فضا میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے سے برآمدات کا یہ مثبت سلسلہ آئندہ مہینوں میں مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔ اس پیش رفت کو معیشت کی بحالی اور پائیدار ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب