بدھ, مئی 21, 2025

معاشی بحالی نے مارکیٹ کو نئی رفتار دی اور سرمایہ کاری کے نئے در کھول دیے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری سے مارکیٹ کو نئی زندگی ملی ہے اور ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خزانہ میں عالمی شہرت یافتہ مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات پاکستان میں نجکاری کے عمل اور خودمختار ویلتھ فنڈ کے قیام سے متعلق مشاورت کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی۔ وفد کی قیادت ڈویژن ایگزیکٹو پیٹر بریگز کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ الابعاری اور سوورین ایڈوائزری کے عالمی سربراہ رضا باقر بھی موجود تھے۔

پیٹر بریگز نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی یہاں دفتر کھولنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ حکومت کو نجکاری کے عمل میں تکنیکی معاونت فراہم کی جا سکے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے الویریز اینڈ مارسل کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اب تک 24 سرکاری اداروں کو نجکاری کی فہرست میں شامل کر لیا ہے اور اس عمل کو شفاف اور تیز تر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ میں معیشت کے استحکام سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی ابھرتی ہوئی منڈی کو ایک امید افزا موقع کے طور پر لینا شروع کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے خاص طور پر عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر میرکس کی حالیہ میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو اس معاشی بہتری کی مثال قرار دیا۔

آخر میں، سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الویریز اینڈ مارسل کے ساتھ مجوزہ شراکت داری پاکستان کو اقتصادی ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب