کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان شپس ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اے راجپر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو فوری طور پر ریجنل ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے لیے قوانین میں ہنگامی بنیادوں پر تبدیلی کی جائے تاکہ موجودہ عالمی صورتحال سے معاشی فائدہ اٹھایا جا سکے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث سمندری تجارت متاثر ہو رہی ہے اور کئی ممالک اپنے کارگو کے لیے محفوظ متبادل بندرگاہوں کی تلاش میں ہیں۔محمد اے راجپر نے نشاندہی کی کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے سبب خطے کا اہم ٹرانس شپمنٹ مرکز بن سکتا ہے اور اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ تاہم موجودہ قوانین کے تحت ٹرانس شپمنٹ کارگو کو آف ڈاک ٹرمینلز پر رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور بندرگاہوں کے اپنے ٹرمینلز پر بھی سامان رکھنے کی گنجائش محدود ہے، جس کی وجہ سے ممکنہ کاروباری مواقع ضائع ہو رہے ہیں۔خط میں ایف بی آر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایس آر او کے ذریعے عالمی کارگو کو آف ڈاک ٹرمینلز پر رکھنے کی فوری اجازت دی جائے۔چیئرمین محمد اے راجپر کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا بلکہ ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا اور پاکستان علاقائی تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن کر ابھر سکتا ہے۔
پاکستان کو ریجنل ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے لیے قوانین میں فوری تبدیلی کی ضرورت
3 گھنٹے قبل