لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر، جونیئر اور انڈر اٹھارہ ٹیموں کے لیے نئے کوچنگ اور مینجمنٹ پینلز کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ تقرریاں فیڈریشن کے صدر کی منظوری اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی ہیں۔قومی سینئر ٹیم کے لیے اولمپیئن منظور الحسن کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ کوچنگ پینل میں خواجہ محمد جنید، وسیم احمد، عدنان ذاکر، مظہر عباس اور شکیل عباسی شامل ہیں۔پاکستان جونیئر ٹیم کی قیادت اولمپیئن ایاز محمود کو سونپی گئی ہے، جن کے ساتھ کوچنگ اسٹاف میں سمیر حسین، اظفر یعقوب اور عمران بٹ شامل ہیں۔اسی طرح انڈر اٹھارہ ٹیم کے لیے اولمپیئن قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ان کے ہمراہ ریحان بٹ، یاسر اسلام اور عمر بھٹہ کوچنگ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔فیڈریشن کے مطابق ان تقرریوں کا مقصد قومی ہاکی کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کو یقینی بنانا ہے۔