وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز چین سے کینسر کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی پاکستان لے کر آ رہی ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مریم نواز پہلی وزیرِ اعلیٰ ہیں جنہیں چین کے سرکاری دورے کی دعوت دی گئی۔ انہیں چین کے ہیڈ آف اسٹیٹ جیسا پروٹوکول دیا گیا اور اعلیٰ سطح کے حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چین کا نظام حکومتی پارٹی کے ذریعے چلتا ہے، اور چین کے وائس چیئرمین نے مریم نواز کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چینی وائس چیئرمین عام طور پر آدھے گھنٹے سے زیادہ ملاقات نہیں کرتے، لیکن مریم نواز کی اہمیت کے پیش نظر خصوصی وقت دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے چینی حکام کو پاکستان میں جدید منصوبے شروع کرنے کی دعوت دی، جس میں خاص طور پر زرعی آلات کا ذکر کیا گیا تاکہ ہمارے کسان بھی وہی جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں جو دنیا بھر میں رائج ہے۔ مریم نواز نے چینی حکومت سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے صنعتی پلانٹ پاکستان میں لگائیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ چین سے 700 کے قریب الیکٹرک بسیں خریدی جا رہی ہیں، جو رواں سال دسمبر کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کا ہدف ہے کہ آئندہ پانچ سال کے دوران پنجاب کی تمام ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک پر منتقل کیا جائے۔ اس کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب بھی شروع کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم معاہدے کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور کو اسمارٹ اور سیف سٹی بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے یہ اقدامات پاکستان کو ترقی اور جدیدیت کی راہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔