کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کتب میلے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر تفریح لینا چاہتے ہیں تو فیصل واوڈا کے پروگرام دیکھیں۔ انہوں نے فیصل واوڈا کو خبروں کی سرخیوں میں رہنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ان کے پروگرامز دیکھتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کتابوں سے محبت اور نئی نسل میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو غیرضروری سیاسی کتابوں سے دور رہنا چاہیے اور ان کا وقت مثبت اور تخلیقی مواد پڑھنے میں لگنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں کتابوں سے دوستی کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
گورنر سندھ نے معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے کتابوں کو بہترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی 19 سالہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کتب میلہ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کتب میلے سے کئی کتابیں خرید کر مختلف جامعات میں فراہم کریں گے تاکہ طلبہ کے لیے علم کا فروغ ممکن بنایا جا سکے۔
کامران ٹیسوری نے معاشرے میں کتاب دوستی کے کلچر کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کو اپنی زندگی میں کتاب کو جگہ دینی چاہیے کیونکہ یہی حقیقی تبدیلی کا ذریعہ ہے۔