وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حالیہ دورے میں شنگھائی ایکسپیریمنٹل اسکول اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کا معائنہ کیا، جہاں انہیں چین کے تعلیمی نظام اور خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی تعلیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شنگھائی ایکسپیریمنٹل اسکول میں بچوں کو جدید ترین اے آئی تکنیکوں سے متعارف کرایا جاتا ہے، جہاں 12 سے 15 سال کی عمر کے طلبہ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اسکول کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کلاس رومز میں جا کر بچوں کو اے آئی کی تعلیم دینے کے جدید طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔
مریم نواز نے اسکول میں طلبہ کی اے آئی تخلیقات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے شنگھائی ایکسپیریمنٹل اسکول میں بچوں کو اے آئی کے متعلق مفت تعلیم فراہم کرنے کے بارے میں سوالات کیے، اور اس کے بجٹ، نصاب، اور تدریسی طریقہ کار کی تفصیلات دریافت کیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین کا تعلیمی نظام خاص طور پر اے آئی تعلیم میں انقلابی اقدامات اٹھا رہا ہے، جس سے مستقبل کے لیے نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔
مریم نواز کا اس دورے کا مقصد چین کے تعلیمی ماڈل کا گہرائی سے جائزہ لینا تھا تاکہ پاکستان میں بھی جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے صدر زیا ہانگ می اور ضلع جیاڈنگ کے ڈائریکٹر گوان وینجی سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے انہیں چین کے تعلیمی منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
یہ دورہ چین کے تعلیمی نظام سے استفادہ کرنے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے پاکستان میں نئی نسل کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے میں مدد ملے گی۔