پاکستان کے ابھرتے ہوئے گلوکار طلحہٰ انجم نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم سے ان کا اہم اعزاز چھین لیا ہے۔ اسپاٹیفائی، دنیا کے سب سے بڑے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم، نے پاکستان میں 2024 کے مقبول ترین گلوکاروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں مقامی اور عالمی سطح پر پسند کیے جانے والے فنکاروں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس فہرست کے مطابق، پاکستان میں سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے مقامی فنکاروں میں طلحہٰ انجم نے سبقت حاصل کی ہے، جبکہ گزشتہ تین برسوں سے یہ اعزاز عاطف اسلم کے پاس تھا۔ طلحہٰ انجم کا یہ کارنامہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے ان کی مقبولیت اور موسیقی کی دنیا میں اثر و رسوخ کا پتا چلتا ہے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ابھرتے ہوئے گلوکار عمیر ہیں، جبکہ عاطف اسلم تیسرے نمبر پر ہیں۔ عاطف اسلم کی موسیقی نے ہمیشہ دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے، مگر اب طلحہٰ انجم نے اس فہرست میں ان سے آگے نکل کر اپنی جگہ بنالی ہے۔
پاکستان کے مشہور گلوکار نصرت فتح علی خان نے بھی اس فہرست میں چوتھی پوزیشن پر جگہ بنائی ہے، جبکہ دیگر قابل ذکر مقامی فنکاروں میں طلحہٰ یونس، راحت فتح علی خان، حسن رحیم، عبد الحنان اور مانو پانچویں سے لے کر دسویں نمبر تک شامل ہیں۔
اس فہرست کا اعلان پاکستان کے موسیقی کے منظر نامے میں اہم تبدیلیوں کا غماز ہے، اور اس سے ان ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی کامیابیوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جو موسیقی کے نئے معیار متعین کر رہے ہیں۔