بدھ, فروری 12, 2025

کچے میں نقصان کے باوجود جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، بدلہ لیں گے: آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کے کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس کو بھاری نقصان ہوا، مگر جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور بدلہ لیں گے۔

شیخ زید اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعہ پولیس کے لیے بڑا نقصان تھا، لیکن پولیس نے فوراً کارروائی کی، جس میں ایک ڈاکو ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ سندھ پولیس بھی ہمارے ساتھ ہے اور ڈی آئی جی سکھر نے ہم سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں سیکیورٹی کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے بند، چوکیاں اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، اور یہاں بیس کیمپ اور چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ نوگو ایریا ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے پولیس کی گاڑیاں پھنس گئیں اور ڈاکوؤں نے اس کا فائدہ اٹھایا، مگر اس کو ناکامی نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ بدلہ لیں گے۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آپریشن میں اب تک 65 ڈاکو ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اور یہ کارروائی ڈاکوؤں کو علاقے سے نکالنے تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے کچے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس موبائلوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب