شہر کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں منکی پاکس سے بچاؤ کے لیے انفیکشن کنٹرول الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ یہ انفیکشن جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور ایک انسان سے دوسرے انسان میں بھی پھیل سکتا ہے۔
منکی پاکس سے بچاؤ کے لیے ماہرین نے ہاتھوں کی صفائی، سینیٹائزر کا استعمال، اور این 95 ماسک پہننے کی سفارش کی ہے۔ بخار، سردی لگنا، سر اور پٹھوں میں درد، خارش، اور غدود کی سوجن منکی پاکس کی علامات میں شامل ہیں، اور اس کی تشخیص کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری ہے۔
ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہر متعدی امراض، پروفیسر سعید، نے بتایا کہ منکی پاکس کی مخصوص ویکسین فی الحال دستیاب نہیں ہے، لیکن چیچک کی ویکسین کچھ حد تک تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔