بھارت نے بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب واقع اپنی ریاستوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری احتجاج اور مظاہروں کے پیش نظر بھارت نے اپنی ریاست میگھالیہ کے بعد منی پور میں بھی رات کے وقت کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق منی پور حکومت نے ضلع فیرزاول اور جریبم میں منگل کی رات کو کرفیو لگا دیا اور سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری نے ہدایت دی کہ بنگلہ دیش میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پڑوسی ملک سے منی پور میں لوگوں کی آمد کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور کی میانمار کے ساتھ 398 کلومیٹر کی بین الاقوامی سرحد ہے لیکن بنگلہ دیش کے ساتھ کوئی سرحد نہیں ملتی۔ تاہم، مقامی حکومت نے منی پور میں کرفیو اس لیے نافذ کیا ہے کیونکہ ریاست کی سرحد جنوبی آسام کے ساتھ ملتی ہے اور آسام کی سرحد بنگلہ دیش کے ساتھ ملتی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 16 سال سے اقتدار میں رہنے والی بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ 36 روز سے جاری طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔