اسلام آباد — قومی شاہراہوں پر ٹول پلازوں کی ملک کی تاریخ میں پہلی بار کھلی نیلامی کا انعقاد نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کو ٹرانسپرنسی، میرٹ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
این ایچ اے کے ترجمان کے مطابق، نیلام عام میں مجموعی طور پر 72 ٹول پلازوں کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس نیلامی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے میڈیا کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نیلامی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
یہ کھلی نیلامی وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر منعقد کی گئی ہے تاکہ شفافیت، مقابلے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ نیلامی میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی شفاف اور کھلی نیلامیاں نجی شعبے میں اعتماد کو فروغ دیتی ہیں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں۔ متعدد افراد کا کہنا تھا کہ اس عمل نے این ایچ اے کی ساکھ میں اضافہ کیا ہے اور یہ ایک مثبت مثال کے طور پر ابھرا ہے جس کی دیگر اداروں کو بھی پیروی کرنی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق، ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی سے نہ صرف سرکاری آمدن میں اضافہ ممکن ہوگا بلکہ شاہراہوں کی بہتر دیکھ بھال اور عوامی سہولتوں میں بھی بہتری لائی جا سکے گی۔ اس نیلامی کو مستقبل میں قومی سطح پر آمدنی بڑھانے کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
این ایچ اے کی اس پیش رفت کو ایک ایسے وقت میں سراہا جا رہا ہے جب حکومت شفاف طرز حکمرانی اور نجی شعبے کو اعتماد میں لینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔