پیر, جولائی 14, 2025

علی خامنہ ای نے جنگی اختیارات پاسداران انقلاب کو سونپ دیے، اہل خانہ کے ہمراہ بنکر منتقل

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کے پیش نظر تمام عسکری و دفاعی اختیارات اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی شوریٰ کو سونپ دیے ہیں۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق خامنہ ای نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ دارالحکومت تہران سے منتقل ہو کر ایک خفیہ اور زیرِ زمین بنکر میں پناہ لے لی ہے تاکہ جنگی حالات میں حکمت عملی اور سلامتی دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس اقدام کے بعد پاسداران انقلاب کو ایران کی دفاعی حکمت عملی، جوابی حملوں اور تمام جنگی فیصلوں پر مکمل اختیار حاصل ہو چکا ہے۔ ایرانی عسکری ذرائع کے مطابق منگل کے روز پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں موساد اور اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے دفاتر کو براہ راست نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ علی خامنہ ای کہاں چھپے ہیں، تاہم فی الحال ان کی جان لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایرانی میزائل امریکی شہریوں یا افواج پر گرے تو اس کا انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے خامنہ ای کو سابق عراقی صدر صدام حسین جیسے انجام کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی قیادت کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی ایئروسپیس فورس نے حالیہ دنوں میں “شاہد 107” کے نام سے ایک جدید خودکش ڈرون متعارف کرایا ہے، جس کی رینج 1500 کلومیٹر ہے اور اسے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں یہ پیش رفت خطے میں مزید کشیدگی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب