اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں ایران اسرائیل جنگ، آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور ملکی و علاقائی سیکیورٹی سمیت اہم معاملات پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی سیکیورٹی امور پر جامع بریفنگ دی جا رہی ہے۔ وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم کابینہ اراکین کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خاص طور پر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے ممکنہ علاقائی اثرات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور منظوری سے متعلق حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے جاری مشاورت، ان کی تجاویز اور حمایت کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
مزید برآں، اجلاس میں پاکستان کے اعلیٰ سطح سفارتی وفود کے حالیہ غیر ملکی دوروں اور ان کے نتائج پر بھی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ کو بتایا جائے گا کہ ان دوروں کے دوران پاکستان کو کن بین الاقوامی فورمز پر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور ان کے نتیجے میں کون سے ممکنہ اقتصادی یا سیاسی فوائد متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا مقصد قومی پالیسی سازی کے عمل کو بدلتی ہوئی عالمی صورتحال سے ہم آہنگ بنانا ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ کابینہ کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں جو آئندہ دنوں کی قومی حکمت عملی پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔