لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کے بڑھتے رجحانات کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر ہیں، جو نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ معاشروں میں انتہا پسندی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرنا ہوگی، کیونکہ نفرت انگیز بیانیہ کسی ایک فرد یا گروہ پر نہیں بلکہ انسانیت کی اجتماعی سوچ اور ضمیر پر حملہ ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے زہریلے خیالات معاشرے میں فاصلے پیدا کرتے ہیں، جن کا نتیجہ بدامنی، نفرت اور باہمی عدم برداشت کی صورت میں نکلتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی ایک انتہائی خطرناک شکل بن چکا ہے، جہاں مسلمانوں کی شناخت، عبادت گاہوں اور رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسی نفرت انگیز تقاریر کے خلاف سخت مؤقف اپنائے اور انسانیت کو تقسیم کرنے والے عناصر کا محاسبہ کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز پاکستان میں برداشت، باہمی احترام اور محبت کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ ایک پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔