پیر, جولائی 14, 2025

میں اندر سے ٹوٹ چکا ہوں، جسٹن بیبر نے ذہنی مسائل کا اعتراف کرلیا

کینیڈین گلوکار اور عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار جسٹن بیبر نے حالیہ دنوں میں اپنے رویے اور ذہنی کیفیت سے متعلق ایک کھلا اعتراف کیا ہے، جس نے ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ ایک بار پھر اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ بیبر حالیہ ہفتوں میں سوشل میڈیا پر اس وقت تنقید کی زد میں آ گئے جب ان کی کچھ ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں وہ عوامی مقامات پر جارحانہ انداز اختیار کرتے دکھائی دیے۔

چند روز قبل جسٹن بیبر کیلیفورنیا میں پاپارازی سے الجھتے ہوئے نظر آئے۔ ویڈیو میں وہ بلند آواز میں چیختے ہوئے اپنی نجی زندگی میں مداخلت پر برہمی کا اظہار کرتے پائے گئے۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام شیئر کیا، جو ایک قریبی دوست سے ہونے والی گفتگو پر مبنی تھا۔ جسٹن نے اس دوست سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا، کیونکہ دوست نے ان کے رویے پر اعتراض کیا تھا۔

تاہم اب، بیبر نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی اسٹوری پوسٹ کی ہے، جس میں انہوں نے اپنی اندرونی کیفیت اور ذہنی دباؤ کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ بار بار خود پر سوال اٹھاتے اٹھاتے ذہنی طور پر تھک چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بدلنے کی کوشش کرتے کرتے الجھن، تنہائی اور مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔

جسٹن بیبر کا یہ اعتراف نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے ایک چونکا دینے والا لمحہ تھا، بلکہ اس نے ایک بار پھر ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ان کے الفاظ میں جھلکتی بے بسی نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ شہرت کی چمک کے پیچھے انسان کتنی تنہائی، دباؤ اور جدوجہد چھپائے ہوئے ہوتا ہے۔

بیبر کے اس جذباتی پیغام نے دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کو ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے پر مجبور کر دیا ہے، اور ذہنی صحت پر کھل کر بات کرنے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب