پیر, جولائی 14, 2025

جدید سفری نظام کے فروغ کے لیے وزیراعظم کا الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر زور

اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جدید، ماحول دوست اور پائیدار سفری نظام کے فروغ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی قومی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2025 کے مسودے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکل، اسکوٹیز، تھری ویلرز، کاروں اور بسوں جیسے جدید ذرائع آمد و رفت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ مستقبل کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو ماحول دوست بنانے کے لیے ای وی (Electric Vehicles) کی توسیع ناگزیر ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ملک بھر میں چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ پوائنٹس کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات بآسانی دستیاب ہوں۔ وزیراعظم نے صنعتی ترقی کے لیے ٹو ویلرز اور تھری ویلرز کی مقامی پیداوار کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ نئی ای وی پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد از جلد مکمل کی جائے اور کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے تاکہ اس پر بروقت عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے وزیراعظم کو پالیسی کے مختلف پہلوؤں اور عملی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب