لاہور — مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے امریکا اور اسرائیل کو اسلاموفوبیا کے فروغ کا اصل ذمے دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے دہری پالیسی کا عکاس قرار دیا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسرائیل خود ایٹمی پھیلاؤ کے عالمی معاہدے (NPT) پر دستخط کرنے سے انکار کرتا رہا ہے اور اپنی جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے معائنے سے بھی بچاتا ہے۔ اس کے باوجود وہ ایران جیسے ممالک پر جوہری پروگرام کے حوالے سے حملے کرتا ہے، جو عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل صرف ایران ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے خلاف بھی جارحانہ رویہ اختیار کیے رکھتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ عراق، لیبیا اور ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے امریکا اور یورپی ممالک نے ان پر جنگیں مسلط کیں، جو ان کی منافقت اور دوہرے معیار کو ظاہر کرتی ہیں۔
ان کے بقول یہی عالمی طاقتیں دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے فروغ کا باعث بن رہی ہیں، جو بین الاقوامی امن و امان کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا میں امن صرف بقائے باہمی اور انصاف کے اصولوں کو اپنانے سے ہی ممکن ہے۔