منگل, جولائی 15, 2025

ایران پر حملہ پوری مسلم دنیا کے لیے وارننگ ہے، اتحاد نہ ہوا تو سب نشانے پر ہوں گے، وزیر دفاع

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور خبردار کیا کہ اگر مسلم دنیا نے اب بھی اتحاد نہ کیا تو ہر اسلامی ملک کی باری آئے گی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم بجٹ پر بحث کر رہے ہیں، مگر ہمارا برادر اسلامی ملک ایران، جس کے ساتھ ہمارے تاریخی اور مذہبی رشتے ہیں، اسرائیلی حملے کی زد میں آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل یمن، ایران اور فلسطین جیسے مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے، اور اگر مسلم دنیا اسی طرح خاموش رہی تو ایک ایک کر کے سب نشانہ بنتے رہیں گے۔

انہوں نے او آئی سی کو فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم کے خلاف مسلم دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ غیر مسلم دنیا میں انسانی حقوق کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں، لیکن بدقسمتی سے اسلامی ممالک میں ضمیر اب بھی سوئے ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع نے اس موقع پر پی ٹی آئی بانی عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی نندن کی رہائی دراصل ایک ’سرینڈر‘ تھا، جو اس وقت کے وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشاورت سے ہوا۔ انہوں نے اسے قومی وقار کے خلاف اقدام قرار دیا۔

خواجہ آصف نے ملکی معیشت میں بہتری پر وزیر خزانہ اور وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں جو کامیابیاں حاصل کی گئیں، ان پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کو صرف ایک شخصیت کے گرد گھمانا حب الوطنی نہیں بلکہ حب الشخص ہے، اور قوموں کی بقا لیڈر شپ کی تربیت اور اداروں کے تسلسل میں ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب