اسلام آباد:ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اپنے شہریوں اور زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے فوری اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ وزارت خارجہ نے اس ضمن میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے، جو ہفتے کے ساتوں دن، چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی ضمیر کے بھی منافی ہے۔ ان کے مطابق، اس جارحیت نے خطے کے امن و استحکام اور عالمی سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں، خصوصاً زائرین کی حفاظت اور ان کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزارت خارجہ کا کرائسز یونٹ پوری طرح فعال ہے۔
علاوہ ازیں، تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستانی شہریوں سے رابطہ کرے اور انہیں درکار ہر ممکن معاونت فراہم کرے۔ سفارت خانے نے رابطے کے لیے ہاٹ لائن نمبر (0098)-2166941388 جاری کر دیا ہے۔
یہ اقدام پاکستان کی اس ترجیح کو واضح کرتا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، خصوصاً ایسے نازک حالات میں جب کسی بھی قسم کی فوری مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔