اسلام آباد:پاکستان نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کو شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری پر حملہ بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی حالیہ کارروائیاں بلاجواز اور اشتعال انگیز ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، جنہیں کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان نے عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ، پر زور دیا ہے کہ وہ اس جارحیت کا فوری نوٹس لیں اور اسرائیل کو ان حملوں سے باز رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور پاکستان اس حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
پاکستان نے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی عسکری کارروائیوں کو پورے خطے کے لیے خطرناک قرار دیا۔ دفتر خارجہ نے انتباہ دیا کہ ایسے اقدامات مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں، جس کے عالمی سطح پر بھی دور رس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
پاکستان نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات نہ کیے گئے، تو بین الاقوامی قانون کی ساکھ اور خطے کا امن، دونوں خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔