منگل, جولائی 15, 2025

بھارت نے پانی روکا تو جنگ ناگزیر ہوگی، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی خطرہ بن سکتی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا، تو اس کے نتائج جنگ کی صورت میں نکل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ بھی بن سکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا ہے، وہ نہایت غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت اس معاہدے پر عملدرآمد روک کر پاکستان کی پانی کی سپلائی بند کرتا ہے تو جنگ ناگزیر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا راستہ اختیار کیا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے، لیکن اگر ہماری بقا اور وسائل پر حملہ کیا جائے گا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

بلاول بھٹو نے پہلگام واقعے پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت موجود نہیں اور امریکی حلقے بھی اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، خاص طور پر ایف اے ٹی ایف کے عمل میں پاکستان کی شفاف پیش رفت کو تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت تمام اہم عالمی قوتیں اس حقیقت سے واقف ہیں کہ پاکستان نے شدت پسند گروہوں کے خلاف سنجیدہ اور مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہ امریکا اور برطانیہ کو سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنما نہ صرف پاکستان کا مؤقف سن رہے ہیں بلکہ تعاون کی یقین دہانیاں بھی کرا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے آبی جارحیت جاری رکھی تو اس کا انجام خود بھارت کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے، کیونکہ اس عمل سے ایک خطرناک مثال قائم ہو گی جو کسی بھی وقت بھارت کے خلاف استعمال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نازک صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور سندھ طاس معاہدے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب