اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وفاقی کابینہ نے نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت آئندہ مالی سال میں 6 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
تقریباً 17,600 ارب روپے کے حجم پر مشتمل وفاقی بجٹ آج شام 5 بجے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
بجٹ اجلاس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو بجٹ کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بجٹ کے بعد مالی نظم و ضبط برقرار رہے گا؟ جس پر انہوں نے مختصر جواب دیا: “انشا اللہ”۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ مہنگائی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جا سکے۔