عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران خیبرپختونخوا کے خوبصورت اور ٹھنڈے سیاحتی مقامات ملک بھر کے سیاحوں کے لیے سب سے پسندیدہ مقام بن گئے، جہاں مجموعی طور پر 6 لاکھ 52 ہزار 595 سیاحوں نے رخ کیا۔
ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سیاحوں کی سب سے بڑی تعداد گلیات پہنچی، جہاں 1 لاکھ 77 ہزار 500 افراد نے عید کی چھٹیاں گزاریں۔ اسی طرح ناران کاغان میں 1 لاکھ 68 ہزار، مالم جبہ سوات میں 1 لاکھ 60 ہزار جبکہ دیر اپر میں 85 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق، خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی خصوصی ہدایات پر سیاحوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کیں۔ سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، اور رہنمائی سمیت تمام بنیادی سہولتیں یقینی بنائی گئیں۔
اس کے علاوہ، ٹورازم پولیس نے نہایت مؤثر انداز میں سیاحوں کی مدد کی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے ہروقت موجود رہی۔
ڈائریکٹر جنرل ٹورازم، حبیب اللہ عارف نے بتایا کہ ٹورازم ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال رہی، جس کے ذریعے سیاحوں کی فوری رہنمائی اور مدد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں بھی بڑی تعداد میں سیاح پہنچے، اور ان علاقوں میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ تمام اقدامات خیبرپختونخوا کو سیاحت کے فروغ میں ایک نمایاں مقام دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہیں، جس کا فائدہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع کی صورت میں بھی سامنے آ رہا ہے۔