پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عدالت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو ضمانت پر رہا کرتی ہے تو انہیں اور ان کی جماعت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، بلکہ وہ اس فیصلے کی حمایت کریں گے۔
برطانوی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری سے اینکر نے سوال کیا کہ اطلاعات کے مطابق 11 جون کو عدالت عمران خان کو ضمانت دے سکتی ہے، اس پر پیپلز پارٹی کا مؤقف کیا ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ضمانت ہر شہری کا قانونی حق ہے، اور اگر عدالت عمران خان کو ضمانت دیتی ہے تو ہم اس کی مخالفت نہیں کریں گے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ اور ان کی جماعت اس قانونی عمل کو چیلنج کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام اور انصاف کا ایک مکمل قانونی طریقہ کار موجود ہے، اور عمران خان کا کیس بھی اسی نظام کے تحت چل رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ہر فیصلے کو آئین و قانون کے دائرے میں دیکھتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں انتقام کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور ہر معاملے کو قانونی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور تمام فیصلے شفاف انداز میں کیے جائیں گے۔