ابوجا/موکوا: نائیجیریا کی نیگر ریاست کے شہر موکوا میں گزشتہ ہفتے آنے والے بدترین سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ سینکڑوں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انسانی ہمدردی کے کمشنر نے سیلاب کی شدت اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ پانی میں بہہ جانے والے کئی افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ اگر مزید لاشیں برآمد ہوئیں تو ہلاک شدگان کی تعداد 2024 کے اسی نوعیت کے سیلاب سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
موکوا کے رہائشی احمد سلیمان کا کہنا ہے کہ نیگر اسٹیٹ میں کم از کم 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم انہیں متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی مکمل معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ سلیمان نے بتایا، “ہم خود اپنے قریبی عزیزوں کو سیلابی پانی میں تلاش کر رہے ہیں۔”
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ریلوے لائنیں متاثر ہو چکی ہیں اور متعدد دیہات مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ اس سیلاب کی بنیادی وجوہات ناقص نکاسی آب کا نظام اور کچے گھروں کی تعمیر بتائی جا رہی ہے۔
ایمرجنسی ٹیموں اور رضا کاروں نے دریائے نیگر سے کئی درجن لاشیں نکالی ہیں، جو موکوا سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ملیں۔ سرکاری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ متاثرین کو امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے، تاہم مقامی لوگ اب بھی امداد کی کمی کا شکار ہیں اور انہیں سرکاری مدد فراہم نہ کیے جانے کی شکایت ہے۔
دوسری جانب، نائیجیرین میٹرولوجیکل ایجنسی نے ملک کی 36 میں سے 15 ریاستوں میں مزید سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے تاکہ ممکنہ تباہ کاریوں سے نمٹنے کی تیاری کی جا سکے۔ متاثرہ علاقوں میں صورتحال نازک ہے اور حکام کی جانب سے فوری امداد اور بچاؤ کے کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔