اتوار, جون 15, 2025

فائرنگ سے پہلے ثناء یوسف نے قاتل سے کیا کہا؟ تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آ گئی

اسلام آباد: معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے متعلق تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن میں مقتولہ کی اپنے قاتل عمر حیات عرف کاکا سے آخری گفتگو کا انکشاف بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 2 جون کو اسلام آباد کے جی 13 ون علاقے میں پیش آیا۔ ملزم عمر حیات، جو خود بھی ٹک ٹاکر ہے، مقتولہ سے دوستی کرنے کا خواہشمند تھا اور متعدد بار اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کر چکا تھا۔ تاہم ثناء یوسف نے اس کی پیش قدمیوں کو مسلسل مسترد کیا، جس پر ملزم نے شدید غصے میں آ کر انتہائی قدم اٹھایا۔

عینی شاہدین اور قریبی ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل ملزم نے مقتولہ کے گھر کے باہر اس سے ملاقات کی۔ اس دوران ثناء یوسف نے معاملے کو پرسکون انداز میں سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے اسے سمجھایا: “تمہیں غصہ آ رہا ہے، یہاں سے چلے جاؤ، یہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں، جاؤ یہاں سے۔” تاہم اس انتباہ کے باوجود ملزم نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو گولیاں ثناء یوسف کے سینے میں لگیں۔ وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئیں، مگر جانبر نہ ہو سکیں۔

قتل کے فوری بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، لیکن اسلام آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو فیصل آباد اور جڑانوالہ میں چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔

مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سنمبل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور اسے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا صارفین اور عوام میں گہرے صدمے اور غم و غصے کا باعث بنا ہے، اور اس نے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی سیکیورٹی سے متعلق اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب