اسلام آباد / انقرہ:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے لیے اپنے گہرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان جو اخوت اور بھائی چارہ ہے، وہ دنیا میں دو ریاستوں کے درمیان تعلقات کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قربت اور اعتماد بہت کم ممالک کے حصے میں آتی ہے۔
صدر اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کو “قیمتی بھائی” کہہ کر مخاطب کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا:
“ترکیہ اور پاکستان کے درمیان قائم بھائی چارہ، محبت اور سچی دوستی کی وہ مثال ہے جو دنیا کے سامنے قابلِ فخر ہے۔ آپ کے ذریعے، میں اپنے دوست اور بھائی پاکستانی قوم کو دلی سلام پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کو مقدم جانتا ہے۔ صدر اردوان کے مطابق، ترکیہ پاکستانی قیادت کی اُس پالیسی کو سراہتا ہے جو مکالمے، دانشمندی اور مفاہمت کے ذریعے تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ “ہماری دوستی صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عملی تعاون اور بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ہے”، انہوں نے کہا۔
صدر اردوان نے اپنے پیغام کا اختتام اس تاریخی جملے کے ساتھ کیا: “پاکستان ترکی دوستی زندہ باد!”
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان معاشی، دفاعی، ثقافتی اور سفارتی تعاون مزید مستحکم ہو رہا ہے، اور باہمی روابط کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔