لاہور:پنجاب میں اس سال گرمی کی شدت گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسم کی صورت حال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو شدید گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال پنجاب میں موسمِ گرما کے دوران درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، اس وقت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت کے اثرات کی وجہ سے گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، جو شہریوں کی صحت اور روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بارش کے کوئی آثار نہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔