ہفتہ, مئی 31, 2025

چمکتا نام مگر بےنقاب صلاحیت! سپر اسٹار کے بیٹے کی 11 فلمیں اور 11 ہی ناکام

بالی ووڈ میں اقربا پروری ہمیشہ سے ایک زیرِ بحث موضوع رہی ہے۔ کئی ایسے اداکار، جنہیں ’اسٹار کڈز‘ کہا جاتا ہے، اپنی پہچان مشہور والدین کی وجہ سے بناتے ہیں۔ لیکن شہرت اور کامیابی کا راستہ ہر کسی کے لیے ہموار نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک کہانی ہے لیجنڈری اداکار منوج کمار کے بیٹے کنال گوسوامی کی، جنہوں نے فلمی دنیا میں قدم تو بڑے خوابوں کے ساتھ رکھا، مگر مسلسل ناکامیوں کے بعد انڈسٹری کو خیر باد کہنا پڑا۔

کنال گوسوامی نے 1981 میں فلم ’’کرانتی‘‘ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ بالی ووڈ میں انٹری دی۔ بعد ازاں 1983 کی فلم ’’کلاکار‘‘ میں سری دیوی کے مقابل مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ فلم اگرچہ باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، لیکن کشور کمار کا نغمہ ’’نیلے نیلے امبر پر‘‘ آج بھی مقبول ہے۔ سری دیوی جیسی بڑی اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کے باوجود، کنال کو وہ کامیابی نہ مل سکی جس کی انہیں امید تھی۔

اپنے کیریئر کے دوران کنال نے ’’گھنگرو‘‘، ’’دو گلاب‘‘، ’’پاپ کی کمائی‘‘ اور دیگر فلموں میں قسمت آزمائی، حتیٰ کہ گووندا کے ساتھ بھی ایک فلم کی، لیکن تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ انہوں نے ٹیلی ویژن پر بھی کام کیا، مگر وہ بھی بے اثر رہا۔

بلآخر کنال نے حقیقت تسلیم کی کہ اداکاری کا میدان ان کے لیے موزوں نہیں، اور بالی ووڈ کو چھوڑ کر دہلی میں کیٹرنگ کا کامیاب کاروبار شروع کر دیا۔ آج وہ ایک خوشحال تاجر ہیں۔

کنال گوسوامی کی جدوجہد ان نوجوان فنکاروں کے لیے سبق ہے جو سمجھتے ہیں کہ فلمی پس منظر کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔ بالی ووڈ میں صرف تعلقات نہیں، بلکہ قسمت، صلاحیت اور ناظرین کی قبولیت ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب