بدھ, اپریل 30, 2025

مریم نواز کا صحت مند پنجاب وژن، جامع ہیلتھ ریفارمز کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اعلان کیا ہے کہ صوبے میں “صحت مند پنجاب وژن” کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری، جدید اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات تک باآسانی رسائی حاصل ہو۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فیلڈ اسپتالوں اور “کلینک آن ویل” کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو اُن کے گھروں پر ہی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس سے دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو خاصی سہولت ملی ہے۔ مزید برآں، پنجاب میں پہلی بار 1250 مراکزِ صحت کو جدید کلینکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں علاج، تشخیص اور مفت ادویات کی سہولت موجود ہو گی۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ پہلی مرتبہ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال بھی جلد فعال ہونے جا رہا ہے، جب کہ سرگودھا میں ایک جدید کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو دل کے مریضوں کے لیے خصوصی سہولت فراہم کرے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے بچوں کے دل کے آپریشن کے لیے “چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام” اور اعضا کی پیوند کاری کے لیے “ٹرانسپلانٹ کارڈ” کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، ایمرجنسی کی صورت میں دور دراز علاقوں سے مریضوں کو بڑے شہروں کے اسپتالوں تک فوری منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کر دی گئی ہے۔

یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز کے اس ویژن کا حصہ ہیں، جس کے تحت پنجاب کو صحت کے میدان میں خود کفیل اور جدید نظام سے آراستہ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب