ہفتہ, مئی 31, 2025

یوٹیوب دیکھ کر اپنی سرجری خود کرنے والا شخص شدید زخمی، اسپتال منتقل

اتر پردیش کے ضلع متھورا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر اپنی سرجری خود کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجا بابو نامی شخص کافی عرصے سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھا۔ بار بار اسپتال جانے اور علاج کرانے کے باوجود جب اسے آرام نہ آیا تو اس نے خود ہی اپنا آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس مقصد کے لیے اس نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھیں اور ایک میڈیکل اسٹور سے جراحی کے اوزار، دوائیں، ٹانکے لگانے کا سامان اور بے ہوشی کے انجیکشن خرید لیے۔

گھر پہنچ کر راجا بابو نے اپنے کمرے میں خود پر سرجری کا آغاز کیا۔ ابتدا میں بے ہوشی کے انجیکشن کا اثر رہا، لیکن کچھ دیر بعد جب دوا کا اثر ختم ہوا تو وہ ناقابلِ برداشت تکلیف سے چیخنے لگا۔ اس کی چیخ و پکار سن کر اہلِ خانہ کمرے میں پہنچے تو صورتحال دیکھ کر فوراً اسے اسپتال منتقل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق راجا بابو کی 18 سال قبل اپنڈکس کی سرجری ہو چکی تھی، لیکن حالیہ دنوں میں دوبارہ پیٹ میں شدید درد شروع ہو گیا تھا۔ جب علاج کے باوجود کوئی فرق نہ پڑا تو اس نے خود ہی آپریشن کرنے کی غلطی کر ڈالی، جس کی وجہ سے اس کی جان خطرے میں پڑ گئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق مریض کی حالت نازک ہے، تاہم اس کا علاج جاری ہے۔ ماہرین صحت نے اس واقعے کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت خود سے سرجری کرنے کی کوشش نہ کریں اور کسی بیماری کی صورت میں ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب