لاہور: محکمہ موسمیات نے پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا نیا سسٹم آج رات پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے تحت 14 سے 16 مارچ کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک ہے، جبکہ دن کے اوقات میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ تاہم، بارش کے امکانات تاحال کم ہیں۔ خشک موسم کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، اور لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم آج رات ملک میں داخل ہوگا، جس کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ دوسری جانب، پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے بھی 9 سے 16 مارچ کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی تھی، تاہم ابھی تک کسی بڑی بارش کا سلسلہ شروع نہیں ہوا۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے، جو درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔