ہفتہ, مئی 31, 2025

ضمیر جاگ اٹھا! چور نے 9 سال بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا

ہالینڈ کے جنوبی قصبے ٹرنوزن میں نو سال پرانا چوری کا کیس اس وقت غیر متوقع طور پر حل ہو گیا جب ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ یہ واقعہ 18 جنوری 2016 کو پیش آیا تھا، جب ایک نامعلوم شخص نے ایک پٹرول پمپ سے چند سو یورو چوری کیے اور فرار ہو گیا۔

پولیس نے ابتدائی طور پر اس واقعے کی تحقیقات کی، لیکن ملزم کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس کے بعد کیس کو بند کر دیا گیا۔ تاہم، حالیہ دنوں میں ایک 28 سالہ شخص، جو اب ہالینڈ کے شہر ارنہیم میں مقیم ہے، اچانک اپنے آبائی علاقے ٹرنوزن کی پولیس اسٹیشن پہنچا اور اس جرم کا اعتراف کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے تسلیم کیا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے ضمیر کے بوجھ تلے دب کر زندگی گزار رہا تھا اور مزید اس احساس ندامت کے ساتھ زندگی گزارنا ممکن نہیں تھا۔ اس نے چوری شدہ رقم واپس کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

پولیس نے چور کی پشیمانی کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے اعتراف جرم کو ریکارڈ کر لیا ہے۔ اب استغاثہ اس معاملے پر غور کر رہا ہے کہ آیا ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے یا کسی متبادل طریقے سے معاملہ حل کیا جائے۔

یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ضمیر کی خلش کتنی طاقتور ہو سکتی ہے، جو بعض اوقات مجرم کو سالوں بعد بھی اپنے کیے کا اعتراف کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب