لاہور: شہریوں کو سوشل میڈیا فراڈ، ہنی ٹریپ اور آن لائن ہراسگی سے محفوظ رکھنے کے لیے پنجاب حکومت نے باضابطہ آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا ہے، جس کا مقصد عوام کو آن لائن دھوکہ دہی سے بچانے اور ڈیجیٹل سکیورٹی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، اس مہم کے تحت شہریوں کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے اہم ہدایات دی گئی ہیں۔ ان ہدایات میں خاص طور پر سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا گیا ہے تاکہ لوگ کسی بھی ممکنہ دھوکہ دہی یا ہنی ٹریپ کا شکار نہ ہوں۔
محکمہ داخلہ نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واٹس ایپ سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انجان افراد کے ساتھ ذاتی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔ مشکوک نمبرز سے موصول ہونے والی کالز یا پیغامات پر کسی بھی قسم کی رقم یا کوڈ فراہم نہ کریں اور نان کسٹم پیڈ اشیاء کی خریداری کے دوران اپنے اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی سے شیئر کرنے سے گریز کریں۔
شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی عزیز کے اغوا کی جھوٹی کال پر رقم بھیجنے سے پہلے تصدیق کریں اور نامعلوم افراد کی دوستی کی پیشکش سے محتاط رہیں، کیونکہ یہ ہنی ٹریپ کا حصہ ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، کسی بھی اجنبی کو دفتری، ذاتی یا خاندانی معلومات فراہم نہ کریں اور انٹرنیٹ پر مشکوک لنکس کھولنے سے گریز کریں۔
اگر کوئی فرد کسی آن لائن فراڈ یا مشکوک سرگرمی کا سامنا کرے تو فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے کر کارروائی کر سکتا ہے۔ پنجاب حکومت کی یہ مہم عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔