بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں گزشتہ چند دنوں سے زیر گردش ہیں۔ ان خبروں نے مداحوں کو حیران اور پریشان کر دیا تھا۔ تاہم، سنیتا آہوجا نے خود سامنے آکر ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح بیان جاری کر دیا ہے۔
سنیتا آہوجا کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے ان افواہوں کو پھیلانے والوں کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور گووندا ایک ساتھ ہیں اور کوئی بھی انہیں جدا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ الگ نہیں رہ رہے بلکہ کچھ خاص وجوہات کی بنا پر ان کا طرز زندگی مختلف نظر آ سکتا ہے۔
سنیتا نے کہا کہ جب گووندا نے سیاست میں قدم رکھا تو اس دوران ان کی بیٹی جوان ہو رہی تھی۔ گھر میں مختلف سیاسی شخصیات کی آمد و رفت معمول بن گئی تھی، جس کی وجہ سے گھر میں آزادانہ طور پر رہنا ممکن نہیں رہا تھا۔ اسی لیے انہوں نے اپنے گھر کے سامنے ایک آفس لے لیا تاکہ سکون سے وقت گزار سکیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا، “مجھے اور گووندا کو دنیا میں کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ اگر کسی میں ہمت ہے تو سامنے آئے۔” ان کے اس دبنگ بیان کے بعد مداحوں نے راحت کا سانس لیا اور ان کی جوڑی کے حق میں حمایت کا اظہار کیا۔