بالی وڈ اداکارہ نکیتا دتہ گزشتہ 13 سال سے نوڈلز اور بسکٹس سے پرہیز کر رہی ہیں، جو ان کی بہترین فٹنس کا بڑا راز ہے۔
عموماً لوگ شام کی چائے کے ساتھ بسکٹ کھاتے ہیں، جبکہ نوڈلز ہر گھر میں عام طور پر بنائے جاتے ہیں، خاص طور پر جب من پسند کھانا نہ بنا ہو یا ہلکی بھوک محسوس ہو۔ انسٹنٹ نوڈلز جلدی تیار ہونے کے باعث کئی لوگوں کی پسندیدہ خوراک ہوتے ہیں۔
تاہم، چونکہ نوڈلز میدے سے بنتے ہیں، اس لیے یہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ بسکٹس میں بھی غیر صحت بخش اجزاء شامل ہوتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نکیتا دتہ، جو شاہد کپور اور کیارا ایڈوانی کی سپر ہٹ فلم کبیر سنگھ میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں، ہمیشہ فٹنس پر خصوصی توجہ دیتی ہیں اور گزشتہ 10 سالوں سے میراتھن میں بھی حصہ لے رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک ایونٹ کے دوران گفتگو میں نکیتا نے اپنی فٹنس کا راز بتاتے ہوئے کہا، “میں نے گزشتہ 13 سال سے انسٹنٹ نوڈلز اور بسکٹس کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ میں ہر اس خوراک سے پرہیز کرتی ہوں جس میں پریزرویٹوز (Preservatives) شامل ہوں۔”
اداکارہ کا مزید کہنا تھا، “یہی میری صحت مند طرزِ زندگی کا راز ہے۔ میں وہ تمام پیک شدہ اشیاء نہیں کھاتی جو 6 ماہ، ایک سال یا اس سے زائد عرصے تک محفوظ رہ سکتی ہیں۔”