برازیل کے شہر میناس گیریس میں ہونے والی ایک نیلامی میں بھارتی نسل کی نیلور گائے ویاتینا نے 40 بھارتی کروڑ روپے میں فروخت ہوکر عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے، جو پاکستانی کرنسی کے مطابق 1 ارب 28 کروڑ 87 لاکھ روپے بنتی ہے۔ اس گائے نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں مہنگی ترین مویشی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ویاتینا گائے، جو کہ 53 ماہ کی عمر کی ہے، کا وزن تقریباً 1,101 کلوگرام ہے، جو کہ اسی نسل کی دیگر گایوں کے اوسط وزن سے کافی زیادہ ہے۔ اس کی خوبصورتی اور منفرد خصوصیات کی وجہ سے یہ گائے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ گائے کی سفید کھال، ڈھیلی جلد اور کندھوں پر نمایاں کوبڑ نے اسے خصوصی توجہ حاصل کی۔
ویاتینا نے نہ صرف عالمی ریکارڈ قائم کیا بلکہ ٹیکساس میں ہونے والے ’چیمپئن آف دی ورلڈ‘ مقابلے میں مس ساؤتھ امریکہ کا اعزاز بھی جیتا۔ یہ مقابلہ مویشیوں کے لیے مس یونیورس کے برابر سمجھا جاتا ہے، جہاں ویاتینا نے اپنی غیر معمولی پٹھوں کی ساخت اور نادر جینیاتی نسب کی بنا پر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس گائے کی غیر معمولی خصوصیات اور جینیاتی صفات نے اسے عالمی سطح پر شہرت دلائی اور اس کے مالکان کے لیے یہ ایک تاریخی موقع ثابت ہوا۔ ویاتینا کا عالمی ریکارڈ نہ صرف بھارتی مویشیوں کی نسل کے لیے اہمیت رکھتا ہے بلکہ دنیا بھر میں مویشیوں کی نیلامی میں ایک نیا معیار قائم کرتا ہے۔