اتوار, فروری 9, 2025

اٹلی: گاؤں کے میئر نے بیمار ہونے پر غیر متوقع پابندی عائد کر دی

اٹلی کے ایک گاؤں کے میئر نے مقامی رہائشیوں کے لیے ایک غیر معمولی حکم جاری کیا ہے جس میں انہیں بیماریوں سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب گاؤں میں صحت کی سہولتوں میں شدید بحران سامنے آیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اٹلی کے جنوبی علاقے کلابریا کے گاؤں بیلکاسٹرو کے میئر، انتونیو ٹورچیا نے مقامی رہائشیوں سے کہا کہ وہ ایسی کوئی سرگرمی نہ کریں جس سے انہیں شدید چوٹیں یا کوئی ایسی بیماری ہو جس میں فوری طبی امداد کی ضرورت پڑے۔ اس کے ساتھ ہی، میئر نے لوگوں کو زیادہ آرام کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اس اعلان کے پیچھے میئر کی کوشش تھی کہ وہ مقامی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں موجود خامیوں کی طرف توجہ دلائیں۔ میئر کا کہنا تھا کہ بیلکاسٹرو کے گاؤں کے 1200 رہائشیوں میں سے نصف کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے اور گاؤں سے سب سے قریبی اسپتال تقریباً 30 میل دور واقع ہے۔

اس کے علاوہ، گاؤں میں صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہے جو کال کے ذریعے آتا ہے لیکن یہ سروس رات کے اوقات، ہفتہ اور اتوار کے دنوں اور دیگر تعطیلات میں دستیاب نہیں ہوتی۔ اس صورتحال کے پیش نظر، مقامی افراد کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اسپتال تک پہنچنے کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کلابریا کا علاقہ اٹلی کے غریب ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں کے اسپتالوں کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ 2009 کے بعد سے اس علاقے میں 18 اسپتال بند ہو چکے ہیں، جس سے مقامی افراد کی صحت کے حوالے سے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

میئر کا یہ غیر روایتی حکم دراصل اس بحران کو اجاگر کرنے اور علاقے کی صحت کی سہولتوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے ایک قدم تھا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب