پیر, نومبر 25, 2024

برطانیہ میں برٹ طوفان کی تباہی، 5 افراد جاں بحق

برطانیہ میں طوفان برٹ کی شدت نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ملک بھر میں آمدورفت، بجلی کی فراہمی اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔

طوفانی بارشوں کے سبب انگلینڈ اور ویلز میں کئی سڑکیں سیلابی پانی کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، جبکہ پروازیں اور دیگر سفری خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ لندن سے مغربی انگلینڈ اور ویلز تک آمدورفت میں خلل پیدا ہوا ہے، اور لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، طوفان کے اثرات کے پیش نظر انگلینڈ میں 161 فلڈ وارننگز اور 213 فلڈ الرٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ویلز میں 22 اور اسکاٹ لینڈ میں 4 فلڈ وارننگز دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں شدید بارشوں، برفباری اور 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کی یلو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مزید اثرات کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ برطانوی حکومت اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب