پیر, نومبر 25, 2024

سری لنکا: پارلیمانی انتخابات میں صدر ڈسانائیکے کے اتحاد کی بڑی کامیابی

سری لنکا: پارلیمانی انتخابات میں صدر ڈسانائیکے کے اتحاد کی بڑی کامیابی

سری لنکا کے پارلیمانی انتخابات میں صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے نیشنل پیپلز پاور (این پی پی) اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 196 نشستوں میں سے 141 نشستیں جیت لی ہیں۔ سری لنکن الیکشن کمیشن کے مطابق، این پی پی اتحاد کو یہ کامیابی زبردست عوامی حمایت کے ساتھ حاصل ہوئی، جس میں انہوں نے 62 فیصد یا 70 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔

انتخابی نتائج کے مطابق، اپوزیشن جماعت نے 35 نشستیں حاصل کیں، جبکہ سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کی جماعت صرف 3 نشستوں تک محدود رہی۔ ملک میں حکومت سازی کے لیے 225 میں سے 113 نشستیں ضروری ہوتی ہیں، جسے این پی پی اتحاد نے باآسانی عبور کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے نتائج کا اعلان کیا۔ 225 نشستوں پر مشتمل پارلیمان میں باقی 29 نشستیں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر پر کی جائیں گی، جہاں سیاسی جماعتیں اپنے امیدوار نامزد کریں گی۔

صدر ڈسانائیکے کی قیادت میں نیشنل پیپلز پاور اتحاد، جو مارکسسٹ نظریات کی حامل ہے، نے قبل از وقت عام انتخابات میں اپنی مقبولیت ثابت کر دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی سری لنکا کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ان انتخابات میں 8,800 امیدواروں نے حصہ لیا، جنہوں نے سری لنکا کے عوام کو ایک بہتر مستقبل کی امید دلانے کے وعدے کیے تھے۔ یہ نتائج صدر ڈسانائیکے کی پالیسیوں اور عوامی حمایت کا واضح عکاس ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب