اتوار, اگست 17, 2025

اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی، کشیدگی برقرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر فوجی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ پاک فوج کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت طلب کیا گیا ہے تاکہ اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ شاہراہِ دستور پر پارلیمنٹ ہاؤس سمیت دیگر اہم عمارتوں پر فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انتشاریوں اور شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ کسی بھی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے گولی مارنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ گزشتہ رات پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد کیا گیا، جس میں 4 رینجرز اہلکار شہید اور 5 دیگر اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے۔

زیرو پوائنٹ پل پر کشیدگی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مرکزی قافلہ زیرو پوائنٹ پل پر پہنچ گیا ہے، جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید تصادم جاری ہے۔ پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان ایک دوسرے پر آنسو گیس کی شیلنگ کر رہے ہیں، جبکہ کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جا رہا ہے۔

صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے متحرک ہیں۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کا احترام کریں تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب