آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 7 وکٹ سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان کی ٹیم سیریز میں 0-3 سے شکست کا شکار ہوئی۔ ہوبارٹ میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف 12ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز بنائے اور ناقابل شکست واپس آئے۔ یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پانچویں نصف سنچری تھی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب میٹ شارٹ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور دوسری وکٹ 30 رنز پر جیک فریزر میکگرک کی صورت میں گری جنہوں نے 18 رنز بنائے۔ اس کے بعد آسٹریلوی کپتان جوش انگلس 27 رنز بنا کر 85 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی ٹیم 18 اعشاریہ 1 اوورز میں 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیش ٹیم کو جیت کے لیے 118 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 17 رنز پر گری جب صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حسیب اللہ اور عثمان خان 24 اور 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری، جنہوں نے 41 رنز بنائے۔ اس کے بعد عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان اور سفیان مقیم بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایرن ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا، اور سلمان علی آغا نے کپتانی کے فرائض انجام دیے، جبکہ حسیب اللہ وکٹ کیپنگ کر رہے تھے۔ پاکستان کی ٹیم میں سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ، عثمان خان، محمد عرفان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔