جمعہ, نومبر 29, 2024

اسٹاک مارکیٹ کا 1 لاکھ عبور کرنا عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے: مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 1 لاکھ پوائنٹس عبور کرنا عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح نشان ہے۔ مریم نواز نے پی ایس ایکس کے اس سنگ میل پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے دنیا کی بہترین پرفارمنگ ایکویٹی مارکیٹ کا درجہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی اس بلندی اور تیز رفتار ترقی سمیت ہر تاریخی کامیابی ن لیگ کے دور حکومت کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت میں نہ صرف ملک کی معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہوئی ہے۔

صوبائی وزیرِ اعلیٰ نے اس کامیابی کو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور یہاں کی اقتصادی صورتحال میں استحکام آ رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پالیسیز عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش ثابت ہو رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے کبھی اسٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ اعلیٰ پالیسیز کی مدد سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 1 لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرایا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب