شام کی عبوری حکومت نے بشار الاسد حکومت میں شامل اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، عبوری حکومت نے بشار الاسد کے دور کی 20 شخصیات پر مشتمل ایک فہرست مرتب کی ہے اور ان شخصیات کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے تعاون طلب کیا ہے۔
رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انٹرپول نے شام کی عبوری حکومت کی درخواست پر تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ یہ شخصیات مبینہ طور پر شامی عوام کے خلاف اجتماعی قتل عام اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث رہی ہیں۔
عبوری حکومت کے مطابق، ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے بشار الاسد کے اقتدار کے دوران نہ صرف شہریوں کے خلاف جبر و تشدد کے اقدامات کیے بلکہ ان کے جرائم نے شامی عوام کے لیے انسانی المیے کو جنم دیا۔
عرب میڈیا نے مزید رپورٹ کیا کہ انٹرپول کے تعاون سے ان افراد کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شام میں انصاف کے قیام کو یقینی بنانا اور مظلوم شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب شام کی عبوری حکومت بین الاقوامی برادری کی حمایت سے اپنے عدالتی نظام کو مضبوط کر رہی ہے تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔